14 فروری 2013 - 20:30

عوامی نیشنل پارٹی کی طرف سے بلائی جانے والی اے پی سی سے خطاب میں ایم ڈبلیو ایم کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ ملک کی تباہی میں فوج اور ہمارے ادارے برابر کے شریک ہیں۔

ابنا: کل جماعتی امن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ امین شہیدی نے کہا کہ پوری دنیا میں جاری جنگ کے پیچھے امریکی سازشیں کارفرما ہیں۔ امریکہ جہاں بھی گیا، اس قوم کے لئے تباہی و بربادی کا پیغام لیکر گیا۔ امریکہ کسی کا دوست نہیں ہے، اپنے مفادات کا فیصلہ خود کیا جائے۔ ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹری جنرل کا اے پی سی سے خطاب میں کہنا تھا کہ ملک کی تباہی میں فوج اور ہمارے ادارے برابر کے شریک ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتیں اور ریاستی ادارے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے مؤثر کردار ادا نہیں کر رہے اور مصلحت پسندی کا شکار نظر آتے ہیں۔ آج شیعہ اور اے این پی دہشت گردوں کی ہٹ لسٹ پر ہیں اور ان دہشت گردوں کی پشت پناہی امریکہ کر رہا ہے۔ 

علامہ امین شہیدی کا کہنا تھا کہ امریکہ اپنا پرانا اسلحہ بروئے کار لاکر دنیا میں دہشت گردی کو فروغ دے رہا ہے۔ آج پاکستان میں امریکی اسلحہ سے بھرے ہوئے ہزاروں کنٹینر غائب ہو جاتے ہیں لیکن امریکہ اور ریاستی ادارے ٹس سے مس نہیں ہوتے۔ اس صورتحال میں ہم اپنا لہو کس کے ہاتھوں میں تلاش کریں۔ بلوچستان میں چودہ سو شیعہ باالخصوص ہزارہ کیمونٹی کے افراد مارے گئے۔ پشاور میں 42 شخصیات جن میں ڈاکٹرز، وکلاء اور جج مار دیئے گئے۔ اس تمام کا فائدہ امریکہ اٹھا رہا ہے۔ جو بلوچستان کے وسائل پر قابض ہونا چاہتا ہے۔ ریکوڈک کے معاملے سے لوگوں کی توجہ ہٹانے کے لئے وہاں دہشت گردی کروائی جاتی ہے۔
.......
/169